ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

تازہ ترین: رشید گوڈیل کی حالت خطرے سے باہر: ہیلتھ منسٹر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور قومی  اسمبلی میں عبدالرشید گوڈیل قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ان کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق آج بروز منگل ایم کیو ایم کے رہنما اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل کو گھات لگا کرنشانہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر جائے وقعہ پر پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے اور جیسے ہی رشید گوڈیل کی گاڑی وہاں سے گزری حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

 انہیں شدید زخمی حالت میں لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا ہےاوراسپتال ذرائع کے مطابق رشید گوڈیل کو 6 گولیاں لگیں ہیں تاہم پولیس ذرائع نے گولیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ان کے ساتھ انکی اہلیہ اور ان کا بیٹا بھی موجود تھے جو کہ اس حادثے میں محفوظ رہے۔

 ان کاڈرائیور عبدالمتین بھی اس واقعے میں زخمی ہوا تھا جسےان کے ساتھ اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اسپتال ذرائع کے  مطابق ان کا ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ہے۔

سندھ کے وزیرِصحت جام مہتاب نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رشید گوڈیل کی حالت خطرے سے باہر ہے اورانہیں آئی سی یو منتقل کیا جاچکا ہے۔

لیاقت نیشنل کے ترجمان انجم رضوی نے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رشید گوڈیل کو آپریشن تھیٹر سے سرجیکل آئی سی یو میں منتقل کیا جارہاہے، ڈاکٹر انجم کے مطابق ان کے چہرے، گلے اور سینے میں گولیاں لگیں ہیں اور انکی حالت تاحال تشویشناک ہے۔

 پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رشید گوڈیل کے سینے اورچہرے میں گولیا ں لگیں ہیں اور انکی حالت تشویش ناک ہے۔ کرائم انوسٹی گیشن ٹیم  کے مطابق جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے آٹھ خول ملے ہیں اور آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے ۔

ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل کی حالت نازک ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل اپنے ساتھ کسی بھی قسم کی سیکیورٹی نہیں رکھتے ہیں۔

دعائے صحت اورمذمت


ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے عوام سے ممبر قومی اسمبلی رشید گوڈیل کی زندگی اور صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی رشید گوڈیل پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دعا کی اپیل کی ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیلل نے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار کو فون کرکے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واقعے کی مذمت کرتےہوئے واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دے کر آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوامی نمائندے ہیں اور ان کی حفاظت سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ ان کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا ہے لہذا وہ تاحال قومی اسمبلی کے ممبرہیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر مولانا فضل الرحمن اور ایم کیو ایم کے وفد کے دوران مذاکرات کا انعقاد ہورہے تھے لیکن اس حادثے کے بعد مذاکرات کے عمل کو روک دیا گیا ہے اور ایم کیو ایم کے تمام رہنما اسپتال کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنماء واسع جلیل نے ٹویٹ میں رشید گوڈیل کی صحت یابی کے لئے دعا کی التماس کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں