اسلام آباد : ایم کیوایم رہنما خواجہ سہیل منصور نے بھارتی ہائی کمشنرکی بھارت کے 700ری پبلک ڈے پر دعوت ٹھکرادی اور کہا مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، ایسےماحول میں بھارت کی دعوت قبول نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور فوجی بربریت پر ایم کیوایم رہنماخواجہ سہیل منصور نے بھارتی ہائی کمشنرکوکراراجواب دیتے ہوئے بھارت کے 700ری پبلک ڈے پر جانے سے انکار کردیا۔
بھارتی ہائی کمشنر کے دعوت نامے کے بدلے احتجاجی مراسلہ
خواجہ سہیل منصور نے بھارتی ہائی کمشنر کے دعوت نامے کے بدلے احتجاجی مراسلہ میں کہا بھارتی فوج ایل اوسی پراشتعال انگیزی اورسیزفائرکی خلاف ورزی کررہی ہے، اشتعال انگیزی سےمعصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں۔
احتجاجی مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھی بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت کشمیریوں کیلئے اقوام متحدہ کی قرارداد کا پاس نہیں کررہا، پانی کے معاملے پر بھی بھارت کی ہٹ دھرمی جاری ہے۔
مراسلے میں ایم کیوایم رہنما خواجہ سہیل منصور نے کہا ایسےماحول میں بھارت کی دعوت قبول نہیں کرسکتا۔
خیال رہے بھارت کی جانب سے ایل اوسی کی خلاف ورزی اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کاسلسلہ جاری ہے ، جس میں متعددشہری شہید ہوچکے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، 2018 میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔