پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

علی رضا عابدی کو منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے، فاروق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، انھیں منانا رابطہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع ان کے مزار پر حاضری دی، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان نے علی رضا عابدی کے حوالے سے بات چیت کی۔

فاروق ستار نے کہا ’علی رضا عابدی ہمارا اثاثہ ہیں، ضمنی ٹکٹ ان کا حق تھا، رابطہ کمیٹی میں مجھے بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے مگر میں دل بر داشتہ نہیں ہوا ہوں۔‘

انھوں نے عبد اللہ شاہ غازی کے عرس کی مناسبت سے کہا کہ سندھ کی دھرتی پیار اور امن کی دھرتی ہے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے درخت لگانے کی ضرورت ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا ’ماڑی پور میں لگایا گیا ٹریٹمنٹ پلانٹ بند پڑا ہوا ہے، ٹریٹمنٹ پلانٹ بند ہونے کی ذمہ داری حکومتِ سندھ پر ہے۔‘


کراچی: ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار، 6 افراد کے قتل کا اعتراف


مزار پر حاضری دینے کے لیے آنے والے ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ وہ علی رضا عابدی سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔

عامر خان نے کہا ’علی رضا عابدی کا استعفیٰ ہمیں نہیں ملا ہے، تاہم انھیں اگر کسی قسم کے تحفظات تھے تو پارٹی سے بات کر لیتے۔‘

رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی ہماری ٹیم کا حصہ تھے اور رہیں گے۔ دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے مزار پر پھول چڑھائے اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں