کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اے آر وائی نیوز پر حملہ اور اشتعال انگیز تقریر میں نامزد ایم کیو ایم کنوینئر و دیگر رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملک مخالف اشتعال انگیز تقریر اور اے آر وائی نیوز پر حملے کے خلاف دائر مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں فاروق ستار اور عامر خان سمیت دیگر رہنماء پیش ہوئے۔
عدالت نے غیر حاضری پر بانی ایم کیو ایم، خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، حیدرعباس رضوی، سلمان مجاہد بلوچ و دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار کردیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتارکرکے گیارہ اگست تک پیش کیا جائے۔ ایم کیوایم رہنماؤں نے عدالت سے درخواست کی کہ انتخابات کے باعث آئندہ سماعت الیکشن کے بعد رکھی جائے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم قیادت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی جس میں ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ بانی ایم کیو ایم نے دو سال قبل پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ پر بیٹھے کارکنان سے خطاب کے دوران اشتعال انگیز اور ملک مخالف تقریر کی تھی جس کے بعد مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا۔
مظاہرین نے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کے ساتھ سیکیورٹی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ خواتین سمیت دفتر میں موجود ملازمین کو ہراساں کیا گیا تھا۔
ایک روز بعد ایم کیو ایم رہنماؤں نے فاروق ستار کی قیادت میں اپنے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ دو دھڑوں، ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں تقسیم ہوگئی ۔