بغداد : ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے اپنی جماعت اور پاک سرزمین پارٹی کے ضم ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے اپنی نشست سے مستعفیٰ ہوگئے ہیں.
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے اپنی نشست این اے 251 سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کو خیر آباد کہہ دیا ہے.
رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ ان حالات میں اپنی جماعت کے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا چنانچہ ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنی نشست سے استعفیٰ دیتا ہوں.
Ladies n Gentlemen from the Holy land of Karbala, I announce to quit MQMP n resign from NA251 as this is not what I believed in n stood for.
— Syed Ali Raza Abidi (@abidifactor) November 8, 2017
رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی جو اس وقت اربعین کی ادائیگی کے لیے کربلہ میں موجود ہیں نے ٹویٹ کی کہ مقدس سرزمین سے ایم کیو ایم پاکستان سے علیحدگی اور قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتا ہوں.
اسی سے متعلق : متحدہ اور پی ایس پی کا آئندہ انتخابات ایک جماعت اور نشان سے لڑنے کا اعلان
رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے مستعفیٰ ہونے کا اعلان ایم کیوایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کے سربراہان کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں دونوں جماعتوں کے انضمام کے اعلان کے بعد کیا.
خیال رہے قبل ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے اجلاس میں رکن رابطہ کمیٹی شبیر قائم خانی نے پی ایس پی سے الحاق کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کرکے باہر آگئے تھے جب کہ سینیئر ڈپٹی کنونیر جو عامر خان اس عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ میں موجود ہیں نے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے پر انا اللہ و انا علیہ راجعون پڑھا۔
دوسری جانب اراکین قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ، خوش بخت شجاعت، علی راشد اور ڈاکٹر فوزیہ حمید نے گزشتہ دو دنوں میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقاتیں کی ہیں جسے سیاسی حلقے کراچی میں ہونے والی سیاسی صورت حال کی مناسبت سے نئی صف بندی قرار دے رہے ہیں۔