کراچی : بلدیاتی انتخابات میں شاندار کا میابی حاصل کرنے بعد ایم کیوایم ملک بھر میں یوم تشکر منارہی ہے لال قلعہ گراونڈ میں کامیاب امیدواروں،رابطہ کمیٹی اور کارکنوں نے شکرانے کی نماز ادا کی۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ 2013 کا لنگڑا لولا بلدیاتی نظام عوام کے لیے ناقابل قبول ہے جس میں میئر کے پاس کچرا اٹھانے، پانی کی فراہمی کے اختیارات بھی نہیں تاہم ہم اپنے میئر کو بھکاری نہیں بنانا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم موجودہ بلدیاتی قوانین کوتسلیم نہیں کرتی جو منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارسے محروم کرتا ہے جب کہ یہ بلدیاتی نظام کمشنر،ڈپٹی کمشنر،ایس ڈی ایم کے تابع ہے اور اختیارات منتخب نمائندوں کے بجائے بیوروکریسی کے پاس ہوں گے۔
حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنا دیا گیا لہٰذا بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے ہماری جدوجہد کا نیا باب کھلا ہے اور ہم یہ تمام اختیارات میئر کو واپس دینے کے لیے عدالتوں سمیت تمام راستے اختیار کریں گے۔
اس موقع پر وسیم اختر نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ سوموٹو ایکشن لےکر بلدیاتی اختیارات بلدیاتی اداروں کے سپرد کئے جائے۔