کراچی: ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ کامران فاروقی کی گرفتاری ظاہر کردی گئی اور اُن کے خلاف مقدمات درج کر کے نبی بخش تھانے کے حوالے کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران کی گرفتاری ظاہر کردی گئی اور انہیں نبی بخش تھانے کی پولیس کے حوالے کردیا جبکہ رکن سندھ اسمبلی پرغیر قانونی اسلحہ، دستی بم اور چوری کی موٹر سائیکل رکھنے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پڑھیں: ’’ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کامران فاروقی گرفتار ‘‘
ایم پی اے کامران فاروقی 12 مئی سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب ہیں جن کی گرفتار ی کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر پر بھی رواں سال جون کے مہینے میں چھاپہ مارا گیا تھا جس پر متحدہ نے شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔
گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان نے کامران فاروقی کی گرفتاری سے متعلق نشر ہونے والی خبروں کی تصدیق کی تھی تاہم ساتھ ہی انہیں ہر قسم کی قانونی مدد فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ’’ کامران فاروقی کی اطلاع پر چھاپہ مارا، رینجرز ذرائع، اچھی روایت نہیں، فاروق ستار ‘‘
دوسری جانب لندن قیادت کی جانب سے کامران فاروقی کی گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اور دیگر رہنماؤں سمیت انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ بھی سامنا آیا تھا۔