کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے پی ایس 114کے نتائج الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے پی ایس 114کے نتائج کے خلاف درخواست دائر کردی، ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے الیکشن کمیشن اسلام آباد میں درخواست جمع کروائی۔
درخواست کے متن کے مطابق ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ نادرا سے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائی جائے اور الیکشن کمیشن ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائے ، نشانات کی تصدیق اور دوبارہ گنتی تک نتائج روکے جائیں اور کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کرے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضمنی انتخاب میں آخری وقت میں نتائج تبدیل کئے گئے، پی ایس 114کے نتائج کالعدم قرار دے کر دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔
یاد رہے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوارسعید غنی نے 23840لے کر پہلے نمبر پر جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے کامران ٹیسوری 18106 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔