جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

رابطہ کمیٹی چار سینیٹرز کے نام دے دے: فاروق ستار کا اپنے امیدواروں سے دستبرداری کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے تحلیل شدہ اراکین سینیٹرز کے نام دے دیں ان کا اعلان میں خود باضابطہ طور پر کررہاہوں، ان کے دیئے گئے نام ہی میرے نام ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے پی آئی بی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تحریک کے شہداء کی قربانیوں، مہاجرقوم، تنظیم کو بچانے،40سال کی جدوجہد بچانےکیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی چارسیٹوں کیلئے بہادرآباد اپنی مرضی کے نام دے دے، میں سینیٹ کیلئے ناموں سے دستبردار ہوگیا ہوں، باقی لوگوں کے نام میں کل میں خارج کردوں گا۔

بہادرآباد میں تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی ارکان چار نام دیں، میری طرف سے بھی وہی چار نام بطور امیدوار ہوں گے، ان میں کامران ٹیسوری ہو یا کوئی بھی ہو، یہ میرا مسئلہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان ناموں کا اعلان کردوں گا، میرامقصد تنظیم کو تقسیم ہونے سے بچانا ہے، یہ مسئلہ نہیں تھا، بنا دیا گیا،اس لئے میں نے پہل کرکے اعلان کردیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے اب میرا کوئی نام یا کوئی امیدوار نہیں، تنظیم کی بڑی تعداد میرے ساتھ ہے، کارکنان میں بدگمانی نہ پھیلائی جائے کہ فاروق ستار بھائی ضد پراڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں 3 مرتبہ بہادرآباد جارہا تھا، وہیں سے کوئی نہ کوئی رکاوٹ آئی، شرط رکھی گئی کہ جنرل ورکرز اجلاس ملتوی کروں، عامر خان بھائی پی آئی بی جنرل ورکرزاجلاس میں آجاتے تو معاملہ حل ہوجاتا۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ میرا یہ مسئلہ ہے کہ کچھ معاملات میں آخری فیصلے کا اختیارسربراہ کا ہونا چاہئے، سربراہ کی عزت ہونی چاہئے، بااختیار سربراہ بننے میں میری مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال میں کالعدم، نہیں تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی ارکان اجلاس کررہے ہیں، وہاں کااجلاس غیر آئینی وغیر قانونی ہے۔

میرا بھی دل دکھا ہوا ہے، بہت افسوس ہے، پپوسارے پرچوں میں فیل ہے، آج وہ بھی فیصلہ آجائے گا، الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کو روکنےسے منع کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں