کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام کل بروز منگل22اگست آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں ایم کیو ایم رہنماؤں نے شہر کی مختلف سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی، پی پی پی، پی ایس پی اور ایم کیو ایم حقیقی کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے شرکت کی دعوت دی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے مرکزی رہنما عامرخان کی زیر قیادت پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے دفتر پاک ہاؤس جاکر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
پی ایس پی نے ایم کیو ایم کی دعوت قبول کرلی
متحدہ کے وفد میں ایم کیوایم کے رہنما فیصل سبزواری ،فرقان طیب، خالد مقبول صدیقی اور کامران ٹیسوری شامل تھے، وفد کا پی ایس پی کے رہنماﺅں وسیم آفتاب ڈاکٹر صغیر نے پرتپاک استقبال کیا۔
وفد نے رہنماؤں کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی، جسے پی ایس پی رہنماؤں نے قبول کرلیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ان کی صفوں میں مقتول ملیں گے، قاتل نہیں۔
سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد میں اکٹھا ہونا چاہئیے، بد قسمتی سے سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف سخت باتیں کرلیتی ہیں لیکن جہاں اشتراک عمل کی کوئی صورت نکلتی ہو وہاں ضرور مل جانا چاہیے۔
Delegation from #MQM arrives @PakHouseKhi to meet #PSP leadership. pic.twitter.com/d9y9QbDz4w
— Pak Sarzameen Party (@PSPPakistan) August 21, 2017
انہوں نے کہا کہ متحدہ پاکستان مہاجروں کا قرض چکا رہی ہے اور سب کے پاس چل کر جا رہی ہے۔
آفاق احمد نے بھی شرکت کی ہامی بھرلی
علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ایم کیو ایم حقیقی کے مرکز لانڈھی عارضی بیت الحمزہ جاکر حقیقی کے رہنما آفاق احمد سے ملاقات کی۔
اس موقع پر عامرخان کا کہنا تھا کہ سیاسی نظریات اپنی جگہ ہیں مگر ہمیں ملنا جلنا چاہئے، ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق بھائی نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں آفاق احمد نے کہا کہ عوام نے سیاسی رویوں میں تبدیلیوں کواچھا محسوس کیا ہے، میں چاہتا ہوں کہ ہمارے لوگ آپس میں متصادم نہ ہوں اورملاقاتوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے، تمام لوگ آپس میں ملیں۔
پیپلزپارٹی کی شرکت کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہوگا، نثار کھوڑو
دریں اثناء ایم کیو ایم کے وفد نے پیپلز پارٹی کے رہنما ںثار کھوڑو سے بھی ملاقات کی اور اے پی سی کا دعوت نامہ دیا۔
اس موقع پر نثار کھوڑو نے اے پی سی کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی اے پی سی کا موضوع اچھا ہے، تاہم پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ متحدہ کے وفد کی آمد پر ان کا شکر گزار ہوں۔