کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے مارچ میں مزار قائد کے سامنے عوامی طاقت دکھانے کا اعلان کردیا، فاروق ستار کہتے ہیں کہ 23 اگست کی پالیسیوں اور اپنے اتحاد سے ثابت کریں گے کہ ووٹ بینک ایک تھا اور رہے گا۔
سرجانی ٹاؤن میں ایم کیو ایم پاکستان کے تحت منعقدہ جنرل ورکرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کا فیصلہ متحدہ پاکستان کے مقصد سے مطابقت رکھتا ہے، عوام کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے میئر کراچی کو کوئی اختیار نہیں دیا ہوا، وسیم اختر اور اُن کی ٹیم اختیارات نہ ہونے کے باجود شہر کی خدمت میں رات دن محنت میں مصروف عمل ہیں۔
فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کے تحت مارچ میں مزار قائد کے سامنے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’نمائش پر جلسہ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے اور اپنے اتحاد سے ثابت کریں گے کہ ووٹ بینک ایک تھا اور ایک ہی رہے گا‘‘۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ عوام کا اعتماد مقامی قیادت پر دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے اور انشاء اللہ2018 کے انتخابات میں 18 نشتیں جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔علاوہ ازیں جلسے سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔