جمعہ, جون 27, 2025
اشتہار

’صدر جیسے اعلیٰ منصب پر رہنے کے باوجود عارف علوی نے کچھ نہیں سیکھا‘

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان جیسے اعلیٰ منصب پر براجمان رہنے کے باوجود عارف علوی نے کچھ نہیں سیکھا۔

ترجمان ایم کیو ایم نے عارف علوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عارف علوی کی سیاست ایم کیو ایم پر الزام تراشی سے شروع ہو کر اسی پر ختم ہوگئی، الزام تراشی کے بجائے 9 مئی کو ریاست کے خلاف کی جانے والی سازش کا جواب دیں۔

ایم کیو ایم نے کہا کہ عام انتخابات 2018 کے جعلی و جبری مینڈیٹ پر صدر  بننے والے عارف علوی کس منہ سے قانون اور انصاف کی بات کر رہے ہیں؟ عارف علوی سمیت ان کی جماعت نے کراچی کیلیے کچھ نہیں کیا ایک سو ارسٹھ ارب کے پیکج کا اعلان کراچی والوں کے ساتھ دھوکہ تھا۔

ترجمان نے کہا کہ کراچی اور ایم کیو ایم کو الگ کرنے کا خواب دیکھنے والوں کا انجام آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے، پی ٹی آئی کو 2018 میں کراچی کی 14 قومی اسمبلی کی نشستیں ایم کیو ایم سے چھین کر دی گئی تھیں جو دنیا جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھتری کے بغیر اُن 14 نشستوں کا بھی وہی حال ہوا جو پوری پی ٹی آئی کا ہوا، عارف علوی اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کی کوشش کرنے کے بجائے اللہ اللہ کریں۔

گزشتہ روز وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ پڑھنے کا مشورہ دیا تو اس میں کیا غداری ہے؟

عارف علوی نے کہا تھا کہ آپ نے اپنے ذہن میں ایک نظریہ بنا رکھا ہے جس کے تحت آپ غدار قرار دے دیتے ہیں، حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ جو پڑھتا ہے اس پر ایف آئی آر ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حمود الرحمٰن دیانت دار جج تھے ان کے بیٹے آج بھی فیڈرل شریعت کورٹ کے جج ہیں، جب تک اسٹیک ہولڈرز کو ایک ٹیبل پر نہیں لائیں گے مسائل کا حل نہیں نکلے گا۔

سابق صدر مملکت نے کہا تھا کہ کیا ضد ہے کہ درگزر نہیں کررہے بلکہ کہتے ہیں معافی مانگو، قانون کی حکمرانی قائم کریں، بانی پی ٹی آئی کو رہا کرکے مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کسی سے بدلہ لینے یا ڈیل کرنے والا نہیں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں