کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی جمال احمد کی گاڑی پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوزنے حاصل کرلی۔
اے آئی وائی نیوز کو حاصل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص گلی میں داخل ہوکر گاڑی کی طرف بڑھا اور اُس نے پستول نکال کر فائر کرنے کی کوشش کی، رکن اسمبلی کے ساتھ موجود گارڈ جیسے ہی گاڑی سے باہر نکلا مسلح شخص فرار ہوگیا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے جمال احمد کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ ہمارے رکن اسمبلی پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی مگر وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ جمال احمد کے محافظ اور مسلح شخص کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
کنور نوید نے کہا کہ متعدد بار حکومت کو اراکین اسمبلی کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کرچکے ہیں، ہمارے 3 اراکین اسمبلی ایسی قاتلانہ کارروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی کی گاڑی پر نارتھ کراچی کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، اس ضمن میں ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ایک ملزم تھا جو موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کا ایک خول ملا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق مسلح ملزم اور جمال احمد کے درمیان کافی فاصلہ تھا، ہوائی فائر کیا گیا، فائرنگ کے واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں۔
یاد رہے جمال احمد پی ایس 101 کراچی سے ایم کیو ایم کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں، 22اگست کی متنازع تقریر اور قائد سے علیحدگی کے اعلان کے بعد کراچی کے ضلع وسطی میں ممبر صوبائی اسمبلی جمال احمد کی رہائش گاہ کے باہر ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔