اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وفاق میں حکومت سازی کیلیے مسلم لیگ (ن) سے پانچ اہم وزارتوں کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی جس میں وفاق میں حکومت سازی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے مطالبے میں 5 وزارتیں مانگیں۔ ایم کیو ایم نے آئی ٹی، پورٹ اینڈشپنگ، مواصلات، لیبرمین پاور اور اوورسیز کی وزارتوں کا مطالبہ کر دیا۔
علاوہ ازیں، ایم کیو ایم کامران ٹیسوری کو ہی گورنر سندھ برقرار رکھنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) ایم کیو ایم پاکستان کو سندھ حکومت میں شامل کروانے کی خواہاں ہے تاہم پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کی تجویز قبول کرنے سے معذرت کر لی۔
پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے درمیان ‘شراکت اقتدار’ کا فارمولا
گزشتہ روز پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے درمیان شراکت اقتدار کا فارمولا طے پایا جس کے مطابق پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہوگی۔ فارمولے کے تحت شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کیلیے نامزد کیا جائے گا جبکہ آصف علی زرداری صدارت کیلیے الیکشن لڑیں گے۔
پیپلز پارٹی کسی بھی مرحلے پر شہباز شریف کی کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اسے ایوان صدر سمیت اعلیٰ آئینی عہدے ملیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی چیئرمین سینیٹ اور صدر مملکت کے عہدے لے گی جبکہ پیپلز پارٹی گورنر پنجاب اور گورنر خیبر پختونخوا کے عہدے لے گی۔
علاوہ ازیں، قومی اسمبلی میں اسپیکر (ن) لیگ اور ڈپٹی اسپیکر پیپلز پارٹی کا ہوگا۔