ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں کارکنان بہادر آباد مرکز پہنچ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم میں اختلافات کے باعث مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے سی ای سی کا آفیشل واٹس ایپ گروپ چھوڑ دیا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی بہادر آباد مرکز میں موجود نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامی تبدیلیوں پر اختلاف رکنے والے رہنما بھی کارکن لے کربہادر آباد مرکز پہنچے اور شور شرابے کے دوران کمیٹی اراکین سے تلخ کلامی ہوئی۔
چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے گیارہ مرکزی اراکین کمیٹی کو مختلف تنظیمی شعبوں کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔
ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کسی کو اختلاف ہے تو پارٹی کے اندر رہ کر اظہار کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف بہادر آباد مرکز میں نعرے بازی بھی کی گئی جن کے ساتھ اہم رہنما بھی موجود تھے اور دھکم پیل بھی کی گئی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا رات گئے اجلاس ہوگا جس میں تمام رہنماؤں کو بیٹھا کر صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔