کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے زمینی خداؤں نے پارٹی کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا، گزشتہ روز کراچی کے عوام نے متحدہ بہادرآباد کو یکسر مسترد کردیا۔
یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے جلسے پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل کی جلسی ایم کیوایم کی اصل شکل ہے، عوام نے ایم کیوایم بہادرآباد کو مسترد کردیا۔
آج کی ہنگامی پریس کانفرنس مجبوراً کررہے ہیں، تمام وسائل کے باوجود کل جلسہ کامیاب نہ ہوسکا, کارکن نہیں نکلا اگر کارکنان بھی آجاتے تو یہ جلسی بہت بڑے جلسے کی شکل اختیار کرلیتی۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ وہ اگر مجھے کہتے کہ ہم سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ گاہ آجائیں تو سر کے بل جاتا، ایم کیوایم کے زمینی خداؤں نے پارٹی کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا، میں نےایم کیو ایم کو ٹوٹنے سے بچایا لیکن موجودہ عہدیداران نے اسے حقیقی پارٹ ٹو بنادیا۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم پاکستان میں اختلافات کھل کر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، سانجھے کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹنے لگی۔
کنوینئر خالد مقبول صدیقی کل کے جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت پر اظہار تشکرکررہے ہیں جبکہ سابق سربراہ فاروق ستار اسے ناکام جلسہ قرار دے رہے ہیں۔
گزشتہ روز خالد مقبول صدیقی کہا تھا کہ انہوں نے فاروق ستار کو جلسے میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن فاروق ستار نے اس کی سختی سے تردید کی۔
متحدہ رہنماؤں کے درمیان اختلافات کو ایک کا عرصہ سال بیت گیا لیکن ایم کیوایم پاکستان کے اختلافات بڑھتے چلے گئے، اب سرعام ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر چلائے جارہے ہیں۔