کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں نے شہباز شریف کے بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کراچی والوں سے فوری طور پر معافی مانگیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے شہباز شریف کا بیان ہتک آمیز ہے، وہ فوری طور پر کراچی والوں سے معافی مانگیں۔
فاروق ستار نے ن لیگی رہنما کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے اہلیان کراچی کی ہتک کی ہے، وہ بولتے وقت اپنی زبان اور الفاظ کا صحیح استعمال کریں۔
فاروق ستار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی شریفوں کو کراچی یاد آ جاتا ہے، اپنے ہتک آمیز بیان پر شہباز شریف معافی مانگیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن نے بھی مسلم لیگ ن کے صدر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو پان سے تشبیہ دینا توہین آمیز ہے۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بتائیں کہ انھوں نے کراچی کو دیا کیا ہے، حیرت انگیز بات ہے کہ تمام لوگوں کو اب کراچی کا خیال آگیا ہے۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی شہباز شریف کا بیان افسوس ناک قرار دے دیا، رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کا بیان کراچی کے عوام کی تضحیک کے مترادف ہے، خود کو قومی لیڈر قرار دینے والے شہباز شریف کا بیان باعثِ ندامت ہے، ان کا لب و لہجہ شائستہ کردار کی نفی کرتا ہے۔
’کراچی والے پان کھاتے ہیں پاناما نہیں‘
واضح رہے کہ شہبازشریف نے کراچی میں آکر اہلیان کراچی کی تضحیک کر دی ہے، انھوں نےکراچی والوں کو پان کھانے والا بنا دیا، کہا پان کھانے والوں کے’کرانچی‘ کو لاہور بنائیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کراچی والوں کے تلفظ کا مذاق اڑایا، رپورٹر سے بات چیت میں ہنسنے کو ہنس پرندے سے تشبیہ دے دی، رپورٹر سے کہا ہنس کرسوال کریں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔