کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ نتیجہ تبدیل کرنے سے متحدہ کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے، ہم اور مضبوط ہورہے ہیں، عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم کو 25 جولائی اور کل کے انتخابات میں شکست نہیں ہوئی، این اے 243،247 کے نتائج اسکرپٹ نظر آتے ہیں، بہت جگہوں پر پولنگ ایجنٹس کو بیلٹ پیپرز نہیں دکھائے گئے۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم جیت گئی ہے، آر ٹی ایس ہار گیا ہے، تھرڈ پارٹی سروے کرالیں، سب سے بہترین مہم ایم کیو ایم نے چلائی ہے، جمہوری و انتخابی عمل پر سوالیہ نشان اُٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت سے قانونی و آئینی معاونت کا مطالبہ کرتے ہیں، حکومت سے ہمارا تحریری معاہدہ ہے جن حلقوں پر تحفظات ہوں وہ کھولے جائیں، اس بار جدید سسٹم یہ آیا کہ فارم 45 ملے لیکن اس میں ووٹ کم دکھائے گئے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پوری تنظیمی سطح پر ان الیکشن پر تشویش ہے، رابطہ کمیٹی نے پی ٹی آئی معاہدے پر پیش رفت سے متعلق تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی وفاق اور سندھ کی سطح پر ملاقات کرکے پیش رفت کا جائزہ لے گی، کمیٹی اسلام آباد جاکر حکومت سے ملے گی اور معاہدے پر بات چیت ہوگی۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ فیصل واوڈا سمجھ جائیں ہم اتحادی ہیں، اتحادیوں سے بات میڈیا پر نہیں گھر میں بیٹھ کر کی جاتی ہے، وسیم اختر کو حق ہے وہ فیصل واوڈا کو جواب دیں، وسیم اختر جلد ان کو قانونی جواب دیں گے۔