دبئی: سابق صدر پرویز مشرف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے سابق صدر کی عیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں میئر کراچی وسیم اختر اور حیدر عباس رضوی شامل تھے۔
ایم کیو ایم کے وفد نے سابق صدر مشرف کی عیادت کی، وسیم اختر، حیدر عباس نے خصوصی عدالت کے فیصلے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پرویز مشرف کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی، وفد نے افسوسناک فیصلے کے خلاف ہر سطح پر جانے کے عزم سے آگاہ کیا۔
ایم کیو ایم وفد نے پرویز مشرف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی، سابق صدر مشرف نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت نے سابق صدر اور جنرل (ر) پرویز مشرف کو آئین شکنی کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔
خصوصی عدالت کے 3 رکنی بینچ میں شامل ایک جج نے سزائے موت سے اختلاف کیا تھا، تاہم خصوصی عدالت کے بینچ نے اکثریت کی بنیاد پر فیصلہ سنایا تھا۔
یاد رہے کہ خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف 6 سال آئین شکنی کیس چلا، 3 نومبر 2007 کی ایمرجنسی میں چیف جسٹس و دیگر ججز کو نظر بند کیا گیا تھا، جنرل (ر) پرویز مشرف تشویش ناک حالت میں دبئی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، وہ سابق آرمی چیف اور صدر پاکستان رہ چکے ہیں، پاکستان کے لیے 2 جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔