پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

پی پی رہنما کے بیان پر ایم کیو ایم پاکستان کا شدید ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی کے حالیہ بیان پر ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا جوابی ردعمل آگیا جس میں پیپلز پارٹی کے 15 سالہ دور حکمرانی پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور سینیٹر وقار مہدی دنیا کے3کامیاب ترین میئرز میں سے ایک پر کس منہ سے تنقید کر رہے ہیں؟ ایک طرف 15سالہ تباہی تو دوسری جانب 4سالہ ترقی و خوشحالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال کے بااختیار و باوسائل دور میں کراچی تیزی سے ترقی کر رہا تھا، اس دور کے ترقی یافتہ کراچی نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے 2008کے بعد ایک جاگیردارانہ و سرمایہ دارانہ دور شروع ہوا، 2008کے بعد سے شروع ہونے والی وڈیرہ شاہی دور کی تباہ کاریاں آج تک جاری ہیں۔

پیپلز پارٹی نے صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے صرف فائلوں کی حد تک مکمل کیے، اس دور میں تیار کردہ نام نہاد منصوبوں کی شفاف انکوائری کی جانی چاہئے، سندھ میں کرپشن تمام حکومتی اداروں کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور سینیٹر وقار مہدی نے ایک بیان میں مصطفی کمال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیو ایم میں مصطفی کمال کاوہ حال ہےجوپرویزالٰہی کاپی ٹی آئی میں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مصطفی کمال پہلے ترقیاتی کاموں کا سہرا آصف زرداری کے سر رکھ رہے تھے، تمام میگا پراجیکٹس پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی تختی لگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کو آج کل بانی ایم کیو ایم بننے کا شوق چڑھا ہوا ہے، کراچی کی ترقی دیکھ کرایم کیو ایم کے پیٹ میں درد ہورہا ہے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں