کراچی: وفاقی وزیرفواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی حسرت فواد چوہدری کے دل میں رہ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری ایم کیو ایم کے مستقبل کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں، ان کی وجہ سے تحریک انصاف کو حکومت سازی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
[bs-quote quote=”فواد چوہدری الجھن کا شکار ہیں، اپنے وزرا سے بھی الجھ رہے ہیں” style=”style-8″ align=”left” author_name=”خواجہ اظہار”][/bs-quote]
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری وزیراعظم عمران خان کے وژن کے بھی مخالف ہیں، وہ حکومت کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی صفوں میں بیٹھے سازشی عناصر کے خلاف بھی کارروائی کرے۔
دوسری جانب خواجہ اظہار الحسن نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی روز سے عمران خان مخالف خیالات کا اظہار کررہے ہیں، فواد چوہدری الجھن کا شکار ہیں، اپنے وزرا سے بھی الجھ رہے ہیں۔
خواجہ اظہار الحسن کے مطابق فواد چوہدری کے بیان سے ایم کیو ایم نہیں پی ٹی آئی کمزور ہورہی ہے، وہ جان بوجھ کر نئے محاذ کھول رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ ہوگا، ایم کیو ایم کا جلد صفایا ہوجائے گا۔