کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کے فیصلے کی خبروں پر ڈاکٹر فاروق ستار نے اتحادی حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی سے متعلق بڑا بیان دے دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت کے قیام کے وقت یہ طے ہوا تھا کہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری ہی رہیں گے، ن لیگ حکومت کی تشکیل کے وقت اپنے کئے وعدوں کا پاس کرے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے یکطرفہ طور پر گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تو ایم کیو ایم پاکستان کا مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہے گا۔
متحدہ رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی کامران ٹیسوری کو ہٹانے سے متعلق قیاس آرائیاں ہوتی رہیں ہیں، بار بار ایسی قیاس آرائیوں سے ہیجان پیدا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک بیان میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے واضح کر چکے ہیں کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوی کو تبدیل نہیں کیا جا رہا اور گورنر کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
اسحاق ڈار نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بشیر میمن کو گورنر سندھ نہیں لگایا جا رہا اور چند روز میں گورنر سندھ کے معاملے پر فیصلہ کر لیا جائے گا۔