کراچی: وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان ہمارے ساتھ تھی اور آئندہ بھی رہے گی، کوئی اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا، ہم ساتھ رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم نے وفد تشکیل دیا تھا، اتحادیوں سے بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ہمارے ساتھ تھی اور آئندہ بھی رہے گی، کوئی اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا، ہم ساتھ رہیں گے، انشااللہ جلد خوشخبری دیں گے،عوام کومایوس نہیں کریں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری خواہش ہے ایم کیوایم پاکستان دوبارہ کابینہ میں شامل ہو، چھوٹے چھوٹےمسائل ہیں جوجلد حل کر لیے جائیں گے، ایم کیو ایم پاکستان اب بھی حکومت کی اتحادی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو ایم کیو ایم پاکستان نےغیرمشروط حمایت کی، حکومت میں شامل ہونے سے پہلے کچھ نکات پی ٹی آئی کو پیش کیے تھے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوئی شخصی یا جماعتی مفاد نہیں، مسائل ہیں جنہیں حل ہونا چاہیے، 11 سال سے سندھ کے شہری علاقوں میں معاشی دہشت گردی کی گئی،18ویں ترمیم کے نام پر قوم کو دھوکا دیا گیا، وسائل پر توجہ نہیں دی گئی۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل فوری حل طلب ہیں، ہم چاہتے ہیں سندھ کے شہری علاقوں کو جائز حصے سے فنڈزدیں، ناراضگی کی کوئی بات نہیں، چاہتے ہیں عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔