کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے اراکینِ قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کراچی اور اس کے عوام کی بنیادی ضروریات پر احتجاج ، مظاہرے اور دھرنے دینے والی نام نہاد سیاسی جماعتیں کی ڈرامہ بازی مگر مچھ کے آنسو کے سوا کچھ نہیں۔
شہرِکراچی کے عوام کو کلاشنکوف کلچر، انتہا پسندی ، چائنا کٹنگ اور دیگر برائیوں میں دھکیلنے والے آج شہریوں کے مسائل پر نام نہاد سیاست ، دھرنے اور مظاہرے کرکے اپنے اپنے مفادات کی دوڑ میں لگے ہیں اور انہیں نہ کل کراچی اور اس کے عوام کے مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی تھی اور نہ ہی آج ہوسکتی ہے۔
اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نےکہاکہ انتخابات میں عوامی حمایت سے محروم نام نہاد سیاسی گدھ الیکشن کے موقع پر کراچی اور اس کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے نکل پڑتے ہیں جس سے نہ صرف الٹا کراچی کے شہریوں کو پریشانیوں کو سامنا ہوتا ہے بلکہ ان کے مسائل کا بھی کوئی حل نہیں نکلتا ہے
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری بخوبی جانتے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل صرف اور صرف ایم کیوایم (پاکستان ) کے پاس ہے جو وقت اور حالات کے جبر کا شکار ہے اور اسے ہر طرف سے سیاسی مات دینے کی کوششیں اور سازشیں کی جارہی ہیں۔
اراکین پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم (پاکستان ) جائز عوامی مینڈیٹ رکھنے اور بڑے جلسے اور احتجاج اورمظاہرے کرنے اور کراچی اور اس کے عوام کے مسائل کے حل کی جان توڑ کوششیں کرنے کے باوجود انہیں مکمل جائز حق اور مقام نہیں دلا سکی تو عوامی حمایت سے محروم نام نہاد سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی میں عوام کو دھوکہ دینے اور جھوٹی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش ضرور کرسکتی ہیں لیکن ان کی ان کوششوں کی ہنڈیاں بھی بیچ چوراہے پر پھوٹے گی اور انہیں اپنے اپنے ایک ایک گناہ ، جرم اور عوامی کو دھوکہ دینے کا حساب دینا ہوگا۔
حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کراچی بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نام نہاد سیاسی جماعتوں کے میٹھے میٹھے حربوں میں ہرگز نہیں آئیں اور ایم کیوایم (پاکستان ) کے ساتھ صبر ، تحمل اور اتحاد کے ساتھ جڑے رہیں کہ عوامی مسائل کے حل کی کنجی میئر کو اختیارات فراہم کرنے میں ہے۔