کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے موجودہ سربراہ خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر فاروق ستار سے استدعا کی ہے کہ رابطہ کمیٹی آپ سے ملنا چاہتی ہے، ہم آپ کو لینے آرہے ہیں بس تیار ہوجائیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پی آئی بی اوربہادرآبادمیں ایک بار پھر رابطے شروع ہوگئے ، بہادرآبادرابطہ کمیٹی کی جانب سے رابطوں کے بعد دونوں گروپوں کے کنونیئرز نے آپس میں ٹیلی فون پر اہم گفتگو کی جس کے بعد بڑے بریک تھرو کا امکان متوقع ہے۔
ٹیلی فون پر گفتگو کرتےہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہناتھا کہ ’فاروق بھائی رابطہ کمیٹی آپ سےملناچاہتی ہے ، ہمارا آنا اگر آپ کوصحیح نہیں لگتا تو آپ خود یہاں بہادرآباد آجائیں‘۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو لینے آرہےہیں تیارہوجائیں کیونکہ ڈیڈ لاک ایک ساتھ بیٹھے بغیر ختم نہیں ہوسکتا اور جو معاملات چل رہے ہیں اُن کا حل بھی بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
مزید پڑھیں: فاروق ستار ایم کیو ایم کنوینئر شپ پر بحال، اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ
ڈاکٹر فاروق ستار نے بہادرآباد گروپ کے سربراہ کی پیش کش کو تسلیم کرتے کہا کہ ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں، ملاقات کے لیے بہادرآباد والے وقت اورجگہ کا تعین کر کے ہمیں بتا دیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ملاقات تو گزشتہ روزہونی تھی جو چند وجوہات کی وجہ سے نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنی رہائش گا ہ پی آئی بی پر کارکنان کا اجلاس طلب کرلیا جس میں بہادرآباد سے ملاقات اور ہائی کورٹ کے فیصلے پر اُن کی رائے طلب کی جائے گی اور رابطہ کمیٹی سے ملاقات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
دوسری جانب ملاقات کی خواہش پر بہادرآباد رابطہ کمیٹی نے اجلاس طلب کرلیا، جس میں ملاقات کے ایجنڈے پر بات چیت کی جائے گی اور اگر دو تہائی اکثریت نے نئی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا تو ملاقات کی جگہ کے حتمی مقام کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فاروق ستارنے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کر دیا
خیال رہے کہ گذشتہ روز فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنچ کیا تھا، مقدمے کی سماعت کے دوران بینچ نے فاروق ستار کو کنوینئر شپ کے عہدے پر بحال کرتے ہوئے کنور نوید جمیل، خالد مقبول صدیقی اور ای سی پی کو نوٹسس جاری کردیے۔
فاروق ستار کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کےفیصلےمیں قانونی تقاضےپورےنہیں کیےگئے، ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کے فیصلےکو کالعدم قراردے اور درخواست کےفیصلہ تک الیکشن کمیشن کےفیصلے پر حکم امتناع دیاجائے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کی کنوینئر شپ سے ہٹانے اور انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے کا فیصلہ جاری کیا تھا اور خالد مقبول صدیقی،کنور نوید جمیل کی درخواست منظورکرلی تھی۔
خیال رہے کہ خالدمقبول صدیقی،کنورنوید جمیل نے فاروق ستارکےخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی تھی جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سربراہی کے معاملے پر فاروق ستار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا دائرہ اختیار چیلنج کیا تھا۔