کراچی: ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیان پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے رد عمل میں کہا ہے کہ ایم کیو ایم پولیس فورس کو متنازع بنا کر مجرموں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔
وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا حکومت کی اوّلین ترجیح صوبے میں امن و امان کا قیام ہے، اعلیٰ پارٹی قیادت کی کوشش ہے صوبے سے ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا جائے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہمیں اعتماد ہے۔
انھوں نے کہا ایم کیو ایم پولیس فورس کو متنازع بنا کر مجرموں کو فائدہ پہنچا رہی ہے، آئی جی سندھ پولیس ایک اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں، امن وامان کے قیام کے لیے تمام ادارے سنجیدہ ہیں، ایم کیو ایم حکومت میں ہو تو سب اچھا، باہر ہو تو سب برا نظر آتا ہے۔
ضیا لنجار نے کہا ایم کیو ایم جان لے چور ڈاکو کی کوئی ذات نہیں ہوتی، وہ صرف لٹیرے ہیں، لٹیروں اور عوام کی جانوں سے کھیلنے والوں سے ہمیں اچھی طرح نمٹنا آتا ہے، انھوں نے کہا کسی شہری کی جان جانے پر ہمیں آپ سے زیادہ دکھ ہوتا ہے لیکن دنیا جانتی ہے کہ مگرمچھ کے آنسو کون بہاتا ہے۔
ایم کیو ایم کا سندھ بھر میں رینجرز کو مکمل اختیارات دینے کا مطالبہ
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا آپ صبر کریں ڈکیتوں کا ضرور قلعہ قمع کریں گے، امن و امان کا قیام ہماری ذمہ داری ہے جسے اچھی طرح نبھائیں گے، موبائل چوروں سے نجات کے لیے حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔