کراچی: متحدہ قومی موؤمنٹ کے رہنما محمد حیسن کا کہنا ہے منظم سازش کے تحت سانحہ صفوراکاالزام ایم کیو ایم پرعائد کیا گیا، پولیس، رینجرز پر حملوں میں کالعدم تنظیم کے دہشتگرد ملوث رہےہیں۔
خورشید بیگم سیکریٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن محمد حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف نئی سازش کی جا رہی ہے، انکا کہنا تھا کہ رینجرز کے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے کارکنان نے ان کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
انکا کہنا تھا کہ پولیس حکام اپنی رپورٹس میں اعلان کر چکے ہیں کہ حملوں میں کالعدم تنظمیں ملوث ہیں، بے گناہ کارکنان کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا ماورائے آئین ہے۔
محمد حسین کا کہنا تھا کہ اگر کسی پر کوئی الزام ہے بھی تو اسے عدالت میں ثابت کیا جائے، اس سے قبل بھی ایم کیو ایم پر سانحہ صفورا، پروین رحمان، ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل کا الزام لگایا گیا جو غلط ثابت ہوا۔