کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے نگراں صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی کالونیوں میں کمرشل اور رہائشی کوارٹرز بنانے کے اعلان پر معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں وفاقی کالونیوں جہانگیر، مارٹن اور کلیٹن کوارٹرز میں کمرشل اور رہائشی کوارٹرز بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس پر ایم کیو ایم پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی مدد کے لیے سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر جلد نگراں وزیر اعظم سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کریں، کیوں کہ اگر اس منصوبے پر عمل ہوا تو ہزاروں خاندان بے گھر ہو جائیں گے۔
یہ اراضی وفاق کی ملکیت ہے، اس پر سندھ حکومت وفاق کی اجازت کے بغیر کوئی منصوبہ شروع نہیں کر سکتی، ماضی میں بھی کوارٹرز کے مکینوں کو بے گھر کرنے کے منصوبے کو ایم کیو ایم نے رکوایا تھا۔
ایم کیو ایم کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی کالونیوں کی اراضی پر رہائشی ٹاورز بنانے کے معاملے پر نگراں وفاق اور نگراں سندھ حکومت کے درمیان بھی تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے، آبادیوں کا سروے شروع کرانے کے لیے منعقدہ ضلعی حکومت ایسٹ کے اجلاس میں اسٹیٹ آفس کراچی کے افسران کو مجاز اتھارٹی نے واپس بلوا لیا۔
اسٹیٹ آفس کے ذرائع کے مطابق یہ اراضی وفاقی حکومت کی ملکیت ہے، وفاق کی اجازت کے بغیر سرکاری کوارٹرز کو خالی یا کوئی منصوبہ شروع نہیں ہو سکتا، اس معاملے پر تاحال وزارت ہاؤسنگ کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا، جب تک اس معاملے پر کوئی پالیسی وزارت ہاؤسنگ سے جاری نہیں ہوتی، سرکاری سطح پر اسٹیٹ آفس صوبائی حکومت کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کر سکتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کی قدیم وفاقی کالونیوں مارٹن روڈ، کلٹن روڈ اور جہانگیر روڈ پر واقع سرکاری کوارٹرز پر رہائشی اور کمرشل ٹاورز بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، اور نگراں سندھ حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے وفاق حکومت کے دو اہم اداروں پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ اور اسٹیٹ آفس کراچی کے افسران کو بلوا کر فوری طور پر سروے ٹیم تشکیل دینے کو کہا ہے۔
تاہم معاملے کی اطلاع ملنے پر اسٹیٹ آفس اسلام آباد کی مجاز اتھارٹی نے اسٹیٹ آفس کراچی کے افسران سے جواب طلبی کی، بتایا گیا کہ اس اراضی پر کسی بھی تعمیرات کی اجازت کا فیصلہ وزیر اعظم کی سطح پر یا وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہے۔
ذرائع پلاننگ سندھ حکومت نے مؤقف پیش کیا ہے کہ یہ منصوبہ وہاں کے رہائشیوں کی بحالی کا منصوبہ ہے، وفاق سے رابطہ کرنا مجاز صوبائی اتھارٹیز کا کام ہے، گزشتہ دنوں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں پرانے اور خستہ حال مارٹن، کلیٹن اور جہانگیر کوارٹرز میں رہائش پذیر افراد کے طرز زندگی کو بہتر بنانے کے لیے نئے رہائشی ٹاؤرز بنانے کا منصوبہ بنایا گیا۔