اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کل ہجرت کرنے والوں کی ہی نہیں، نظریہ پاکستان کی بھی توہین کی گئی.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا. ایم کیو ایم کے کنوینر کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی نے پناہ نہیں دی، ہم اپنےحصے کا پاکستان ساتھ لائے تھے.
انھوں نے سابق صدر آصف زرداری کے متنازع بیان کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے اسے تضحیک آمیز قرار دیا، ایم کیو ایم ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا.
بعد ازاں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہجرت کرنے والوں کے لیے ایسی باتیں مناسب نہیں، یہ قابل مذمت ہے.
آصف زرداری تاریخ مسخ نہ کریں: فاروق ستار
اس بیان پر فاروق ستار کی جانب سے ردعمل آیا ہے. انھوں نے کہا ہے کہ آصف زرداری تاریخ کومسخ نہ کریں.
فاروق ستار نے کہا کہ آصف زرداری نے بھارتی سازش کے تحت مہاجروں پر بیان دیا، بیان سے انارکی پھیل سکتی ہے ذمہ دارآصف زرداری ہوں گے.
سابق میئر کراچی نے کہا زرداری یاد رکھیں، سندھ اسمبلی میں آزادی سے پہلے ہندو اکثریت تھی، تاریخ مسخ نہ کی جائے.