لندن: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکن محمد عتیق پرلگائے گئے الزامات سراسر جھوٹ اور انتہائی مضحکہ خیز ہیں، رابطہ کمیٹی ان کی تردید کرتی ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے جاری بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ رینجرز نے محمد عتیق کو 15 نومبر 2016کو گارڈن کے علاقے بتی کمپاؤنڈ میں گھر کے قریب سے گرفتار کیا تھا اور آج گرفتاری ظاہر کی گئی۔
رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ محمد عتیق اور ان کے حوالے سے ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں، رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ گذشتہ سال دو کارکنوں طاہر اور جنید کو بھی را کا ایجنٹ بناکر پیش کیاگیا لیکن عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہ کیاگیا اور وہ باعزت بری ہوئے۔
پڑھیں: ’’ رینجرز کی کارروائی: را سے منسلک عسکری ونگ کا دہشت گرد گرفتار ‘‘
رابطہ کمیٹی نے اعلامیے میں کہا کہ اس طرح کے ڈراموں کا مقصد متحدہ کو بدنام کرنا اور اس کے خالف آپریشن جاری رکھنے کاجواز پیدا کرنا ہے ، ایم کیو ایم کا نہ تو کوئی عسکری ونگ ہے اور نہ ہی ہمارا کوئی عسکری گروپ ہے اور نہیں ہی را سمیت کسی بھی پاکستان دشمن ایجنسی سے تعلقات ہیں۔