اسلام آباد : ایم کیوایم نے اتحادی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے ایک اور وزارت کی پیشکش مسترد کردی اور کہا ہمیں مزید کوئی وزارت نہیں چاہیے، ایک وزارت کا سیاسی بوجھ نہیں سنبھال پارہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان رابطہ ہوا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کووفاقی کابینہ میں ایک اور وزارت کی پیشکش کی ، وزارت کی پیشکش کابینہ کے سینئر وزیر کی جانب سے کی گئی ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ سینئروزیر نے کابینہ میں وزارت آبی وسائل کیلئے خالد مقبول سےنام مانگا ، تاہم ایم کیوایم نے اتحادی جماعت تحریک انصاف کی وزارت کی پیشکش کومستردکردیا ہے۔
ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ہمیں مزید کوئی وزارت نہیں چاہیے، ایک وزارت کا سیاسی بوجھ نہیں سنبھال پارہے، نہ کراچی والوں کو روزگار مل رہا ہے نہ مسائل حل ہورہےہیں۔
ایم کیو ایم نے جواب میں کہا ہے کہ کے پی ٹی میں نوکریاں آتی ہیں تو کراچی والوں کیلئےجگہ نہیں ہوتی ، پہلے لوگوں کے مسائل حل ، وعدے پورے ،نوجوانوں کوروزگار دیں، وزارت سےکیاعوام کی خدمت ہوگی، کراچی کےعوام کو کیا جواب دیں گے۔