کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ حکومت سندھ شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے، پیپلزپارٹی صرف بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزارات کے طفیل زندہ ہے۔
ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پی آئی بی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ’’کراچی سندھ کو 90 فیصد ریونیو دیتا ہے مگر اس کے جواب میں کراچی پر 90 ارب تک کے اخراجات نہیں کیے گئے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو سندھ کے پانی کا 5 فیصد بھی نہیں دیا جاتا بلکہ 8 سال میں پیپلزپارٹی بے نظیر کے نام پر بنے پارک سے کمیشن حاصل کر کے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرریہ ہے‘‘۔
فیصل سبزاوری نے پی پی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’سندھ حکومت کے وزیر داخلہ کے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ سے رابطے تھے جس کا وہ خود بھی اعتراف کرچکے ہیں اور عذیر بلوچ کو صوبائی حکومت کی طرف سے جیل میں سہولیات مہیا کی جارہی ہیں، وہ کاٹن کے سفید کپڑے پہنتا ہے اور آزادانہ گھوم پھر سکتا ہے‘‘۔
متحدہ پاکستان کے رہنماء نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر کی خاطر سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے میئر کراچی کو اختیارات دیں تاکہ شہر ترقی کرے اور الزامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے‘‘۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’پی پی نے 8 سالہ دورِ حکومت میں کام بگاڑ دیا ہے جو 8 ماہ میں درست نہیں کیا جاسکتا، شہر کا ساحل ختم کر کے اربوں ڈالر کمائے گئے مگر کراچی کو جائز حصے میں سے 33 ارب روپے بھی کم دیے گئے‘‘۔