کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 میں کامیاب امید وارکا نوٹی فکیشن رکوانے کے لیےسندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروسیم احمد نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی۔
ایم کیوایم کے امیدوار نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہےکہ پولنگ کے دوران حلقے کے 51 پولنگ اسٹیشنزپرمنظم دھاندلی کی گئی، وہ پیپلزپارٹی کے امیدوارغلام مرتضیٰ بلوچ کی جیت کوالیکشن ٹریبونل میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن کے فیصلے تک غلام مرتضی کی کامیابی کے نوٹی فیکشن کوروکا جائے۔
مزید پڑھیں: ایم کیوایم کا کراچی پی ایس 127 کے نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم نے کراچی پی ایس 127کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا 52 پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کا الزام
اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس میں پی ایس 127 کے ضمنی انتخاب پر تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھاکہ 52 پولنگ اسٹیشن کے نتائج ہمیں دیے ہی نہیں گئے،ان اسٹیشنز میں ہمارے خلاف دھاندلی کی گئی۔
واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں پی ایس 127 سے ایم کیوایم کے امیدوارکامیاب ہوئے تھے تاہم ان کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد اس حلقے میں دوبارہ انتخاب ہوئے اورپیپلز پارٹی کے غلام مرتضی بلوچ کامیاب قرارپائے۔