ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم نے اسپیکر قومی اسمبلی کو 12 نکاتی قرارداد جمع کرا دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: شہری سندھ کے مسائل پر ایم کیو ایم پاکستان نے ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کو بارہ نکاتی قرارداد جمع کرا دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دو دن قبل ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے شہری سندھ کے مسائل پر 12 نکاتی قرارداد اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرائی ہے، جس میں کراچی کے سلسلے میں اہم مطالبے کیے گئے ہیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں میں کراچی کو آفت زرہ قرار دیا گیا ہے اس لیے تمام ٹیکس معاف کیے جائیں، NFC ایوارڈ آدھا کراچی کو دیا جائے، کراچی سندھ کو 95 فی صد ریوینیو دیتا ہے تو اس میں سے 25 فی صد کراچی پر خرچ کیا جائے۔

کراچی کے نوجوانوں کو آئین کے لحاظ سے سرکاری روزگار دیا جائے، سندھ میں پولیس اسٹریٹ کرائمز روکنے میں ناکام ہے، پولیس میں ریفارمز کر کے سندھ پولیس میں مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے۔

مردم شماری، الیکشن کمیشن اور نادرا کی ووٹر لسٹوں کے ڈیٹا میں جو فرق ہے اس کو دور کیا جائے، سندھ حکومت نے آئین سے بغاوت کر کے لوکل گورنمنٹ کے جو اختیارات منتقل نہیں کیے ہیں پارلیمنٹ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے اختیارات لے کر مقامی حکومتوں کو منتقل کرائے۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کراچی سے جڑی ہے لیکن صوبائی حکومت نے کراچی کو نظر انداز کیا ہوا ہے، اس لیے میگا پراجیکٹس کے فور، ایس تھری، سرکلر ریلوے، ماس ٹرانزٹ منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔

سندھ حکومت کی متعصبانہ پالیسیوں، کوٹہ سسٹم کے تحت جاری ناانصافیوں، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوکریوں کی بندر بانٹ پر آزاد کمیشن تشکیل دے کر نا انصافیوں کا تدارک کیا جائے، نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں شہری سندھ کو اس کا جائز حق دلانے کے لیے ایوان اپنا کردار ادا کرے۔

کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ اور لوٹ مار کا وفاقی حکومت نوٹس لے اور کسی اور کمپنی کو کام کرنے کا موقع فراہم کرے اور عوام کی شکایات کا ازالہ کرے۔

اہم ترین

مزید خبریں