کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا.
تفصیلات کے مطابق کراچی میں قلت آب کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر گیا، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے.
ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت اور واٹربورڈ کے خلاف میدان میں آ گئی ہے، پارٹی کی جانب سے پانی کی چوری اور غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے.
پانی کے بحران کے خلاف ایم کیو ایم یکم جولائی کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کرے گی، پارٹی کی جانب سے عوام کو مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے.
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام احتجاج کا حصہ بن کر سندھ حکومت اورواٹربورڈ پراپنےعدم اعتماد کا اظہار کریں.
مزید پڑھیں: شہر قائد میں ایک بار پھر بجلی اور پانی کا بحران : بیشتر علاقوں میں اندھیرے کا راج
پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث عوام پانی سے محروم ہیں، پانی بحران کے خلاف ایم کیو ایم احتجاجی تحریک پھیلانے پر بھی غور کر رہی ہے.
پارٹی ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان ایم ڈی واٹربورڈ کے دفتر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر بھی احتجاج کی حکمت عملی پرغور کر رہی ہے.