لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم کو 26 نومبر کو حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان حقیقی آزادی مارچ میں دوبارہ شرکت کیلئے تیار ہے ، عمران خان نے حقیقی آزادی مارچ کیلئے ویڈیو پیغام جاری کردیا۔
عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس حالت میں 26کو آپ کے لیے پنڈی آرہا ہوں، آپ کومیرے لیےپنڈی پہنچنا ہے ، چاہتاہوں سب پاکستانی حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرے پاکستانیوں 26 نومبرکو راولپنڈی میں ایک بجے سب شرکت کریں، حقیقی آزادی قوم کو اس وقت ملتی ہے جب انصاف ہوتا ہے، انصاف ہوتا ہے تو حقوق ملتے ہیں جس سے قوم حقیقی آزاد ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب قوم حقیقی آزاد ہوتی ہے توخوشحال ہوتی ہے اور ملک ترقی کرتا ہے، حقیقی آزادی مارچ میں پوری قوم شرکت کرے اور دنیا کو پیغام دے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو پیغام دیں ہم حقیقی طور پر آزاد ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔