ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

سری لنکا، میتھیوز آئندہ ورلڈکپ کے لیے کپتان برقرار

اشتہار

حیرت انگیز

کولمبو : سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے موجودہ کپتان اینجیلو میتھیوز پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں 2019 کو ہونے والے ورلڈ کپ تک کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ واش کی ہزیمت اٹھانے والی سری لنکا کی کرکٹ بورڈ نے سیریز میں ناکامی کے باوجود ٹیم کے کپتان اینجیلو میتھیوز کو 2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کے اپنے موجودہ کپتان پر اعتماد قائم رکھنے کی خبر پر کرکٹ کے ناقدین حیرانگی کا شکار ہے تو دوسری طرف کچھ تجزیہ نگار کے نزدیک بورڈ نے پیشگی اعلان کر کے نہ صرف سری لنکن ٹیم بلکہ کپتان کو بھی اعتماد بخشا ہے جس کے بعد دو سال کے اندر اندر سری لنکن ٹیم کافی بہتری لا سکتی ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ واش شکست کے بعد میتھیوز کے بطور کپتان مستقبل کے حوالے سے انگلیاں اٹھائی جارہی تھیں لیکن سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے سرپرائز دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ میتھیوز ٹیم کو مجمع کرنے اور واپس فتح کی جانب گامزن کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

یاد رہے سری لنکا کی ٹیم نے اینجیلیو میتھیوز کی قیادت میں 2016 میں آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کی تھی تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی کے اس سلسلے کو برقرار نہ رکھ سکے تھے اور انھیں وائٹ واش ہونا پڑا تھا۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر تھیلنگا سماتھیپالا کا کہنا تھا کہ ‘اینجیلو میتھیوز کو ہماری بھرپور حمایت حاصل ہے اور ہماری نظریں 2019 کے ورلڈ کپ پر ہیں وہ نوجوان ہیں، باصلاحیت ہیں اور پر اعتماد کرکٹر ہیں اس لیے امید ہے کہ وہ ہماری امیدوں پر پورا اتریں گے اور قوم کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

دوسری جانب موجودہ سلیکٹر اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا نے جنوبی افریقہ میں ٹیم کی شکست کو ناتجربہ کاری قرار دیتے ہوئے تحمل سے کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی نا تجربہ کاری بھی جنوبی افریقہ سے ہار کا سبب بنا تا ہم یہ ایسا وقت نہیں کہ الزامات لگا کر میتھیوز کی کپتانی کو تباہ کیا جائے، بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ میتھیوز کو اعتماد دیا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں