بھارت کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپرمہندر سنگھ دھونی سمجھتے ہیں کہ اگر آپ اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں تو آپ کو پی آر کی کوئی ضروت نہیں ہے۔
لیجنڈری بھارتی وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی نے سوشل میڈیا اور پی آر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جن پر آج کل بہت بحث کی جاتی ہے اور اکثر کھلاڑی اپنی پی آر ٹیم بھی رکھتے ہیں، تاہم بھارت کے مقبول ترین کرکٹرز میں سے ایک ہونے کے باوجود، دھونی سوشل میڈیا سے فاصلہ رکھا ہوا ہے۔
سابق کپتان ایکس اور انسٹاگرام پر زیادہ متحرک نہیں رہتے، مہندر دھونی نے آخری بار جولائی 2024 میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی تھی اور تب سے وہ سوشل میڈیا سے دور ہیں۔
2004 میں بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے دھونی کو ان کے کئی ٹیم مینیجرز نے اپنے کیریئر کے دوران سوشل میڈیا پر متحرک رہنے کا مشورہ دیا لیکن وہ وہ اس پلیٹ فارم سے دور ہی رہے۔
دھونی نے کہا کہ میں کبھی بھی سوشل میڈیا کا مداح نہیں رہا، اس پورے عرصے میں میرے ساتھ بہت سارے مینیجر رہے اور وہ مجھ سے اس بارے میں اصرار کرتے رہے،
میں نے 2004 میں کھیلنا شروع کیا تھا، ٹویٹر بعد میں مقبول ہوا جس کے بعد انسٹاگرام آیا، تمام منیجرز نے مجھے کہا، آپ کو کچھ پی آر کے حوالے سے کرنا چاہیے، پی آر کو بنانا چاہیے’۔
مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ میڈیا منیجرز کو میرا ایک ہی جواب تھا کہ اگر آپ اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں تو آپ کو پی آر کی ضرورت نہیں ہے
دھونی نے 60 ٹیسٹ میچوں میں ہندوستان کی قیادت کی جن میں سے انھوں نے 27 میچ جیتے، 18 ہارے اور 15 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔
وہ تاریخ کے واحد کپتان ہیں جنھوں نے تینوں آئی سی سی محدود اوورز کے ٹائٹل جیتے ہیں- 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، 2011 کا ون ڈے ورلڈ کپ اور 2013 کی چیمپئنز ٹرافی وہ بطور کپتان جیتنے میں کامیاب رہے۔