بھوپال: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے مرغبانی کا کام شروع کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ کی دنیا کو خیر باد کہنے کے بعد دھونی نے ذریعہ معاش چلانے کے لیے مرغیوں کی نایاب اور قیمتی ’سیاہ نسل‘ کی فارمنگ کا کام شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دھونی نے ’کڑک ناتھ‘ نسل کی نایاب مرغیوں کا پولٹری فارم کھولا ہے جس کے لیے انہوں نے دو ہزار مرغیاں منگوانے کا فیصلہ بھی کیا ہے جو 15 دسمبر تک اُن کے فارم ہاؤس پہنچ جائیں گی۔
اگست میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے کرکٹر نے جن مرغیوں کی مرغبانی کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا انہیں کی خرید و فروخت بہت کم ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مرغی انڈونیشیا میں پائی جاتی ہے جسے مقامی زبان میں ایام سیمانی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انڈویشیائی زبان میں ایام مرغی کو جبکہ سیمانی سیاہ رنگ کو کہا جاتا ہے۔
انڈونیشیا کے علاوہ مرغی کی یہ نسل ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع جھبوا میں بھی پائی جاتی ہے جسے ’کڑک ناتھ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، مرغبانی کا کام کرنے والے بتاتے ہیں کہ سیاہ مرغی کا گوشت دیگر کے مقابلے میں ذائقے کے اعتبار سے بہت لذیذ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: سابق بھارتی کپتان دھونی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
یہ مرغی جس طرح باہر سے سیاہ ہوتی ہے اس کا خون اور گوشت بھی اُسی طرح سیاہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق کڑک ناتھ یا ایام سیمانی نامی نسل والی مرغی میں چربی بالکل نہیں ہوتی۔
دھونی کا کرکٹ کیریئر
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے دھونی کی کپتانی میں 2007 میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ، ورلڈ کپ 2011 اور 2013 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی تھی۔
دھونی نے 2004 میں ون ڈے میچ سے ڈیبیو کیا اور 90 ٹیسٹ، 350 ون ڈے انٹرنیشنل، 98 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی اور بالترتیب 4876، 10773، 1617 رنز اسکور کیے۔
رواں ماہ 15 اگست کو انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا جس پر تمام ہی کرکٹرز نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا تھا۔