لاہور : جناح اسپتال لاہورمیں خاتون کی المناک موت کے معاملے پر ایم ایس کے بعد مزید تین ڈاکٹرز معطل کر دیئے گئے۔ انکوائری کمیٹی نے پی آئی سی کو کلین چٹ دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اسپتال کے ٹھنڈے فرش پر تڑپ تڑپ کر جان دینے والی زہرہ بی بی کے ساتھ کیا ہوا تھا۔ چند روز پہلے قصور کی زہرہ بی بی کو تشویشناک حالت میں رات گئے پی آئی سی لایا گیا۔ مریضہ کو جنرل اسپتال والوں نے امراض قلب کے اسپتال بھیجا، دل کے ڈاکٹرز نے مریضہ کے علاج سے انکار کر دیا۔
پی آئی سی انتظامیہ نے زہرہ بی بی کو جناح اسپتال بھیج دیا۔ جہاں وہ فرش پر تڑپتے ہوئے چل بسی۔ بعد ازاں انکوائری میں تحقیقاتی کمیٹی نے پی آئی سی کو کلین چٹ دیدی۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی کے چیئرمین پروفیسر ندیم حیات خادم اعلیٰ پنجاب کے دوست نکلے اور دوستی کام آ گئی۔ جسس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی نے کلین چٹ دے دی۔ پی آئی سی کے ڈاکٹرز واقعے میں ملوث ہونے کے باوجود بچ گئے۔
مزید پڑھیں: لاہور: جناح اسپتال میں بوڑھی مریضہ کا ٹھنڈے فرش پر علاج، مریضہ دم توڑ گئی
اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد جناح اسپتال کے ایم ایس کو معطل کر دیا گیا تھا۔ آج جناح اسپتال کے ایک اور جنرل اسپتال کے دو ڈاکٹرز بھی معطل کر دیئے گئے۔
مزید پڑھیں : جناح اسپتال میں مریضہ کی ہلاکت: وزیر اعلیٰ پنجاب سخت برہم
صوبائی وزیر صحت نے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ خادم اعلیٰ نے مریضہ کے لواحقین سے تعزیت بھی کی تھی مگر سرکاری وسائل سے مالا مال انکوائری کمیٹی سات روز گزرنے کے باوجود رپورٹ مکمل نہ کر سکی۔