لاہور : جناح اسپتال لاہور میں ٹھنڈے فرش پرخاتون کی ہلاکت کی خبر نشر کرنا اے آر وائی نیوز کا جرم بن گیا، اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، آئندہ اسپتال آئے تو نتائج کی ذمہ داری تم پر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور میں ہونے والی خاتون کی ہلاکت کی خبر چلانے پر اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے حسن حفیظ نے سب سے پہلے جناح اسپتال میں خاتون کو زمین پر لٹا کر علاج کرنے کی خبردی تھی، نمائندے کو کال کرکے کہا جارہا ہے آپ اسپتال کو بدنام کررہے ہیں۔
آئندہ اسپتال آنے پر نتائج کے ذمہ دار ہوں گے۔ نمائندہ حسن حفیظ کے مطابق دھمکی آمیز کال کرنے والے نے خود کو ایم ایس ڈاکٹر ظفر یوسف کا پروٹوکول افسر ظاہر کیا، او یہ دھمکی آمیزکال فون نمبر 03121433188 سے کی گئی۔
نمائندے کے مطابق اس سے قبل ایم ایس نے بھی دوپہر کو فون کر کے مجھ سے اتنا کہا کہ آپ آئندہ اسپتال مت آئیے گا،
واضح رہے کہ جناح اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ظفر یوسف اس سے پہلے لیڈی ولنگٹن اسپتال میں ایم ایس تھے۔ جہاں سیڑھیوں پر ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا تھا، اس طرح دو واقعات پر معاملے کی تحقیقات میں ان کو کلیئر قرار دے دیا گیا تھا، بجائے اس کے کہ ان کو برطرف کیاجاتا متعلقہ حکام نے ان کو اس سے بڑے اسپتال کا ایم ایس مقرر کردیا۔
مزید پڑھیں: لاہور: جناح اسپتال میں بوڑھی مریضہ کا ٹھنڈے فرش پر علاج، مریضہ دم توڑ گئی
یاد رہے کہ جناح اسپتال لاہورمیں قصور کی رہائشی مریضہ زہرہ بی بی نامی خاتون نے اسپتال انتظامیہ کی جانب ۔سے علاج کی سہولیات فراہم نہ ہونے پراسپتال کے فرش پر ہی تڑپ تڑپ کر جان دے دی تھی۔