نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اومان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے اعلان کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مہندرا سنگھ دھونی ٹیم کے ہمراہ ورلڈکپ کے دوران بطور مینٹور رہیں گے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے میگا ایونٹ کے لیے ویرات کوہلی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم کی قیادت سونپی ہے جب کہ روہت شرما نائب کپتان ہوں گے۔
ٹیم میں لوکیش راہول، سوریاکماریادیو، ریشبھ پنٹ، ایشان کشن، ہاردیک پانڈیا، رویندراجڈیجا، اکشرپٹیل، راہول چاہار،ایشون اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔
"Former India Captain @msdhoni to mentor the team for the T20 World Cup" – Honorary Secretary @JayShah #TeamIndia
— BCCI (@BCCI) September 8, 2021
واضح رہے کہ ایم ایس دھونی بھارت کے سب سے کامیاب کپتان مانے جاتے ہیں اور وہ واحد کپتان ہیں جن کی قیادت میں بھارت نے آئی سی سی کی تینوں ٹرافیاں ورلڈ کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کررکھا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر میں 350 میچز میں 10 ہزار 773 رنز بنائے اور وکٹ کے پیچھے 444 آؤٹ کیے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 98 میچز میں 91 بار بلے بازوں کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کرنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔
گذشتہ سال اگست میں دھونی نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔