سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹرز کو کب تک دوسرے ممالک کی ڈومیسٹک لیگز کھیلنے سے روک سکے گا۔
سابق آل راؤنڈر مدژر نذر نے کہا کہ لیگز کے لیے کرکٹرز کو روکنا اب آسان نہیں ہے، زمانہ بدل چکا ہے، کرکٹرز کو ہر جگہ پر کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہونی چاہیے ، پاکستان کے کھلاڑی ابھی تو نقصان برداشت کرلیں گے لیکن زیادہ دیر تک یہ ممکن نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اب کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک لیگز کھیلنے سے روکنے کا زمانہ نہیں ہے، ایمریٹس کرکٹ لیگ کے لیے پی سی بی کب تک کھلاڑیوں کو روک سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایٹ ملک دبئی کو لیگ کرانے کی اجازت دی ہے تو باقی ایسوسی ایٹ ممالک بھی اپنی اپنی لیگز کرائیں گے، اب ڈومیسٹک لیگز کی وجہ سے ون ڈے کرکٹ ختم ہو گی جب کہ ٹیسٹ کرکٹ پر دباؤ آئے گا۔
مدثر نذرکا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو روکیں گے تو وہ عدالت جائیں گے کیونکہ کمانے سے کوئی روک نہیں سکتا، کیری پیکر کے دور میں جو ہوا اس کی مثال سب کو سامنے رکھنا ہوگی، یہ ایک چیلنجنگ دور ہے اور اس میں مشکل حالات کا سامنا ہوگا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ایج گروپ میں ٹریننگ دیتا ہوں، اب نوجوان لیگز کی طرف دیکھتے ہیں، وہ پوچھتے ہیں کہ وہ کیسے فرنچائز کرکٹ کی طرف جا سکتے ہیں، وہ اب ملک کا نہیں سوچتے، دنیا بھر کے کرکٹرز کی نگاہیں اب فرنچائز کرکٹ کی طرف مبذول ہیں، فرنچائزز تو اب ایک ایک سال کے کنٹریکٹ دینا شروع ہو رہی ہیں، ڈومیسٹک لیگز میں بھارتیوں کی اجارہ داری ہے، اب بھارتی بورڈ پر بھی فرنچائزز کا دباؤ ہے، انہیں بھی اجازت دینا پڑے گی ورنہ معاملہ عدالت جائےگا