کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو کسی نہ کسی مرحلے پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ یا چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے کہا کہ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو ایک عہدہ چھوڑنا پڑے گا، مصباح خود کو بہت زیادہ دباؤ میں ڈال رہے ہیں، اس سے قبل انضمام الحق نے بھی مصباح الحق کو ایک عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔
مدثر نذر نے کہا کہ اگر کوئی چیف سلیکٹر کسی کھلاڑی کو فائنل الیون میں شامل نہیں کرتا اور ٹیم ہار جائے تو اس کے فیصلے پر سخت تنقید ہوتی ہے، مثال کے طور پر فواد عالم ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں اور اگر ان کو شامل نہیں کیا جائے اور کوئی دوسرا کھلاڑی کارکردگی نہ دکھائے تو دباؤ چیف سلیکٹر پر آتا ہے۔
یونس خان کے حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ یونس خان کو کوچنگ کا شوق ہے، ان کی رہنمائی کا کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا لیکن صرف تین ماہ کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کرنا درست فیصلہ نہیں ہے۔
مدثر نذر نے کہا کہ ماضی میں میرا 11 اکیڈمیز بنانے کا پلان تھا لیکن دیگر اخراجات کی وجہ سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا، علی ضیا نے کئی برس کرکٹ اکیڈمی کے لیے جاں فشانی سے کام کیا اگر ان سے کوئی غلطی ہوئی بھی تو اتنی بڑی نہیں تھی کہ ان کو عہدے سے ہٹا دیا جائے۔