کراچی: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے سبب 50 سال کی عمر کے افراد مساجد نہ آئیں، ایسے افراد کو ترک جماعت کا گناہ نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا میں پوری عالم انسانیت مبتلا ہے، اللہ پاک سے انفرادی اور اجتماعی طور پر رجوع کریں، نابالغ بچے مساجد نہ آئیں۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا باجماعت نماز اپنے گھر والوں اور ایک محرم خاتون کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے، وائرس کے شبہ والے افراد مساجد نہ آئیں، ان افراد کو ترک جماعت کا گناہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مساجد سے قالین ہٹا کر فرش صاف ستھرا رکھنے کا انتظام کریں، کرونا وائرس کے دوران گھر پر نماز ادا کی جاسکتی ہے، جو نوجوان تیمار داری کررہے ہیں وہ بھی گھر پر نماز ادا کرسکتے ہیں۔
مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ بہترین موقع ہے کہ اللہ سے توبہ کریں، جمعہ کے خطبے کو مختصر رکھا جائے، نماز کی ادائیگی کے ساتھ ہی گھر فوری جائیں۔
مفتی تقی عثمانی
دوسری جانب ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے گناہوں پر معافی مانگنے کی ضرورت ہے، بہت سے علمائے کرام سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، کرونا سے متعلق علما نے متفقہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ احتیاط کرنے سے وبا کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے، حفاظت نہ کی گئی تو وبا سے زیادہ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔