کراچی : چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے وزیراعظم سے عید کی چھٹیوں میں توسیع کی اپیل کردی اور کہا بہت سے لوگ تیسرے دن قربانی کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے وزیراعظم سےاپیل کی ہے کہ عیدکےتیسرےدن بھی چھٹی کا اعلان کریں اور قربانی میں سہولت دیں کیونکہ بہت سے لوگ تیسرے دن قربانی کرتے ہیں۔
مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ سائنس اور علما میں کوئی اختلاف نہیں ، ہمیں سائنس کا بھی پتہ ہےمطالعہ کرتے ہیں ، جتنی سائنس آپ جانتے ہیں اتنی ہم بھی جانتے ہیں، محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ہمارے رکن ہیں۔
وفاقی حکومت نے بڑی عید پرجمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی دینے کا اعلان کیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یہ فیصلہ دیہاڑی دار ، مزدور طبقے کی سہولت اور لاک ڈاؤن سے کاروبار کی بندش سمیت معاشی مسائل کے پیش نظر کیا ہے۔
خیال رہے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عید الاضحیٰ 31 جولائی کو منانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ عید الاضحیٰ بروز ہفتہ یکم اگست کو منائی جائے گی۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تووائرس کےزیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں