کراچی : شوکت یوسف زئی کے شہاب الدین پوپلزئی کو رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین بنانے کے مشورے پر مفتی منیب الرحمان نےطنز کرتے ہوئے کہا کے پی حکومت سے پوپلزئی کنٹرول نہیں ہوتے تو حکومت ان کے حوالےکردیں۔
تفصیلات کے مطابق شوال کے چاند پر صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی اورچیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان آمنے سامنےآگئے،
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے شوکت یوسفزئی کی جانب سے شہاب الدین پوپلزئی کو رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین بنانے کی تجویز پر طنز کرتے ہوئے کہا شوکت یوسفزئی حقیقت پسند آدمی ہیں، بی آر ٹی منصوبہ بھی پوپلزئی کی تحویل میں دے دینا چاہئے، اس سےان کی حکومت پرلگے داغ دھل جائیں گے۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کےپی حکومت سےپوپلزئی کنٹرول نہیں ہوتےتوحکومت ان کےحوالےکردیں۔
مزید پڑھیں : مفتی شہاب کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئر مین بنایا جائے، شوکت یوسف زئی
یاد رہے خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پورے ملک میں ایک دن عید اور رمضان کے لیے مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چیرمین بنانے کی تجویز دی تھی۔
شوکت یوسفزئی کاکہنا تھا اگر مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی کمیٹی کا چیرمین بنانے سے مسئلہ حل ہوتا ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں قوم اب دو دو روزوں اور عید سے باہر نکلے۔
انھوں نے مزید کہا تھا یہ نیا پاکستان ہے اب یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے، مرکز کو اس حوالے سے تجویز دیں گے۔