لاہور : مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو قوم پاک افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہوگی۔
لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں قومی فلسطین و دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو پانی بند کرنے کی دھمکیاں دی ہیں، بھارت کو پیغام دینا چاہتا ہوں اس کے مقابل 25کروڑ عوام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف 25کروڑ عوام یک زبان اور متحد ہیں، قوم اپنی مسلح افوا ج کے ساتھ بھارت کے خلاف میدان عمل میں ہوگی۔
مفتی منیب الرحمان نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم جنگ کے طلبگار نہیں لیکن اگر مسلط کی گئی تو پوری قوم ڈٹ کر کھڑی ہوگی۔
غزہ پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور بھارت کی دہشت گردی اور اسرائیل کی حمایت کرنے والے بھی قابل مذمت ہیں۔
مفتی منیب نے کہا کہ جو اسرائیل کی پشت پر کھڑے ہیں وہ بھی اس کے مظالم میں برابر کے شریک ہیں، اور جو ادارے غزہ کیلئے آوازنہیں اٹھاتے ان سے الگ ہوجانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران ایسے اداروں میں نہ بیٹھیں جو غزہ کیلئے آواز نہیں بلند کرتے، تمام مسلم حکمرانوں کو غزہ کے مسلمانوں کی مدد کرنی چاہیے، مسلم ممالک کی جانب سے غزہ کی امداد کیلئے منظم کاوش نظر نہیں آتی۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔ جس کے بعد بھارت نے باقاعدہ منصوبے کے تحت پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا اور اسٹریم میڈیا پر مہم کا آغاز کردیا۔
اور اگلے ہی دن بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے پاکستان پر واقعے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
بھارت کی جانب اس انتہائی اقدام پر حکومت پاکستان نے بھارت کے اعلان پر عمل درآمد کو اعلان جبگ سے تعبیر کیا ہے اور پاکستانی قوم کی جانب سے بھی بہت زیادہ غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔