اسلام آباد: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور تنظیم المدارس پاکستان کے مرکزی صدر مفتی منیب الرحمان نے کرونا وائرس کے پیش نظر 5 اپریل تک اہلسنت پاکستان کے مدارس اور جامعات بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کی مجلس مشاورت ہوئی جس میں کرونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں مدارس و جامعات اہلسنت 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم المدارس وفاقی حکومت کے احکامات کے نتیجے میں مدارس بند کرنے کا فیصلہ کیا، حالات بہتر ہونے کی صورت میں فیصلے پر نظرثانی کی جاسکے گی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلی مریضہ کا انکشاف، حالت تشویشناک
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ غیرملکی و ملکی طلبا احتیاطی تدابیر کے ساتھ اقامت جاری رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد اور کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور سنیما گھروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ عوامی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے۔
لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے علاوہ تمام ایئرپورٹس پر فلائٹس آپریشن معطل کردئیے گئے ہیں۔