ملتان: معروف ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت کے بعد مفتی عبدالقوی کو ملتان پولیس نے تفتیش کے لیے باضابطہ تھانے طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کیس میں مزید پیشرفت ہوئی ہے، مقتولہ کے بھائی کے ڈی این اے اور پولی گرافک ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے جب کہ دو بھابیوں اور ایک بہن کو بھی شامل تفتیش کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں رہا کردیا تھا،تفتیش کے دائرہ اختیار کو بڑھاتے ہوئے مفتی عبدالقوی کو بھی باضابطہ طور پرتفتیش کے لئے تھانے طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے ماہ رمضان میں مفتی عبدالقوی اور قندیل بلوچ کی ملاقات کی متنازعہ ویڈیو کے منظر عام پرآنے اور قندیل بلوچ کی جانب سے مفتی عبدالقوی کے لیے سخت بیان بھی سامنے آیا تھا،اسی پس منظر میں قندیل بلوچ کی والدہ نے بھی مفتی عبدلاقوی کو شامل تفتیش کرنے کی اپیل کی تھی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ملتان پولیس نے عبدلاقوی کو تفتیش میں شامل کرنے کے لیے باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے 14 سوالوں پر مشتمل سوال نامہ ترتیب دے دیا گیا ہے اورپولیس کی جانب سے مفتی صاحب کو بعذریعہ ٹیلی فون تھانے طلب کیا گیا ہے۔
مفتی عبدالقوی نے تھانے طلب کرنے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے اعلیٰ پولیس افسر نے فون کرکے بتایا کہ ہے کہ وہ قندیل بلوچ قتل کیس میں کچھ بات کرنا چاہتے ہیں تا ہم چوں کہ میں اس وقت میں ملتان سے باہر ہوں اس لیے پولیس افسر کو بتایا ہے کہ میں جمعہ یا ہفتے تک دستیاب ہوں گا اور خود ملتان پہنچ کر پولیس حکام سے ملاقات کروں گا۔